سنیپ چیٹ نے کم عمر صارفین کے 415,000 سے زائد اکاؤنٹس معطل کر دیے

02:25 PM, 4 Feb, 2026

آسٹریلیا: سنیپ چیٹ نے نئے قانون کے تحت آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر صارفین کے 415,000 سے زائد اکاؤنٹس معطل کر دیے ہیں۔ اس نئے قانون کے مطابق کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

کمپنی نے کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کم عمر اکاؤنٹس کی جانچ اور بلاکنگ کا عمل جاری ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عمر کی تصدیق کرنے والی ٹیکنالوجی مکمل طور پر مؤثر نہیں، جس کے سبب بعض نوجوان پابندی سے بچنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

آسٹریلیا کے نئے قانون کے مطابق سنیپ چیٹ، میٹا، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 16 سال سے کم عمر کے صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں کمپنیوں کو آسٹریلیشین حکومت کی جانب سے 49.5 ملین آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 34 ملین امریکی ڈالر) تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔

آسٹریلیا کے آن لائن سیفٹی ریگولیٹر کے مطابق، اب تک ٹیکنالوجی کمپنیوں نے 4.7 ملین کم عمر اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں، جسے حکام نے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

سنیپ چیٹ نے درخواست کی ہے کہ ایپ اسٹورز میں صارفین کی عمر کی تصدیق لازمی کی جائے تاکہ کم عمر افراد کی ایپ تک رسائی کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکے۔

مزیدخبریں