اسلام آباد : پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر کل ملک بھر میں 'یومِ یکجہتی کشمیر' بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، جبکہ 6 فروری بروز جمعہ کو بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے خلاف 'یومِ مذمت' منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے اعلامیے کے مطابق، کل نمازِ فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مساجد اور مدارس میں سیمینارز، خصوصی اجتماعات اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
جمعۃ المبارک (6 فروری) کو بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف ملک گیر سطح پر یومِ مذمت منایا جائے گا۔
اس موقع پر پاک فوج، بلوچستان پولیس اور دیگر سلامتی کے اداروں کے شہداء اور غازیوں کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
علماء کرام اپنے خطبات میں عوام کو ہندوستان، اسرائیل اور دیگر پاکستان دشمن قوتوں کے مذموم عزائم سے آگاہ کریں گے اور ملک کے دفاع کے لیے قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیں گے۔ پاکستان علماء کونسل کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد دشمن کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری قوم اپنے سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ملک بھر میں کل 'یومِ یکجہتی کشمیر' اور جمعہ کو بلوچستان دہشت گردی کے خلاف 'یومِ مذمت' منانے کا اعلان
04:11 PM, 4 Feb, 2026