وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کا دورہ، نئے ڈی جی ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

07:00 PM, 4 Feb, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حال ہی میں تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سے خصوصی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈاکٹر عثمان انور کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا۔
 محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عثمان انور ایک قابل افسر ہیں اور انہیں قوی امید ہے کہ وہ ایف آئی اے کو عوام کی توقعات کے مطابق ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور سائبر کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کے خلاف ادارے کا متحرک ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
 وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایف آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں