پاکستان نے بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کو مسترد کردیا

پاکستان نے بھارتی وزیرخارجہ کے بیان کو مسترد کردیا

اسلام آباد :ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ  کا کہنا ہے کہ  بھارتی وزیرخارجہ کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

پاکستان کے  دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ  کا کہنا ہے کہ  بھارتی وزیرخارجہ کا بیان پاکستان کو بدنام اور تنہا کرنے کی کوشش ہے جوبھارت کی مایوسی کا عکا سی کرتا ہے ،  بھارت گزشتہ کئی سال سے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کی مذموم مہم میں مصروف ہے،  پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے لگائے گئے بے بنیاد اور فضول الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان کو بدنام کرنے اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کا یہ پرانا رواج اب بند ہونا چاہیے، بھارت کاپاکستان مخالف بیانیہ  پاک سرزمین پر دہشت گردی میں ملوث ہونےکونہیں چھپاسکتا،   ان ہتھکنڈوں سےمقبوضہ کشمیرمیں ریاستی سرپرستی میں ہونےوالی بھارت کی  دہشتگردی کی حقیقت چھپ نہیں سکتی ۔

  
ممتاز زہرا بلوچ  کا کہنا تھا کہ  دہشت گردی،تخریب کاری اورپاکستان کیخلاف جاسوسی میں ملوث ہونے کا سلسلہ بند کرے، پاکستان نےچندہفتےقبل ڈوزیئرجاری کیاتھاجس میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کےٹھوس شواہدموجود تھے،ڈوزیئرمیں دیئےگئےشواہد 2021میں لاہور میں  ہونے والے دہشت گرد  حملےمیں بھارت کےملوث ہونےکی تصدیق ہیں ۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں 40سےزائدپاکستانیوں  کی ہلاکت میں بھارت کےملوث ہونےسےکون واقف نہیں، کلبھوشن یادیوکی پاکستان میں گرفتاری،دہشت گردی میں بھارت کےملوث ہونےکےناقابل تردیدثبوت ہیں ۔