نیو یارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے وینزویلا پر امریکی فوجی کارروائی کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے خطے پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ گوٹیرس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سیکرٹری جنرل اس امریکی اقدام پر فکر مند ہیں اور ان کا خیال ہے کہ اس سے پورے لاطینی امریکہ میں مزید کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔
اس امریکی کارروائی کے ردعمل میں روس، ایران، کولمبیا اور کیوبا نے بھی اپنی شدید مخالفت کا اظہار کیا ہے۔
روس کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ لاطینی امریکہ کو "امن کا زون" قرار دیا جانا چاہیے، اور مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ روس نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کو مل کر بات چیت کے ذریعے اس بحران کا حل نکالنا چاہیے۔
ایران نے اس حملے کو وینزویلا کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ ایرانی وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری طور پر اس معاملے پر کارروائی کا مطالبہ کیا اور اس کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسپین نے وینزویلا کے بحران کا پُرامن حل نکالنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔