فیلڈ مارشل سید عاصم منیر: قومی تعمیر اور ترقی کے سنہری معمار

01:07 PM, 4 Jan, 2026

راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد پاکستان کے ترقی اور قومی تعمیر کے سفر میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی ملٹری سفارتکاری نے ملک کو عالمی سطح پر منفرد مقام دلایا، دفاعی محاذ مضبوط کیا اور ناراض دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی ممکن بنائی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمزور معیشت کو مستحکم کرنے، زراعت میں جدت لانے، نوجوانوں کی ذہن سازی، کھیلوں کے فروغ اور ہر شعبے میں قومی قیادت کے جوہر دکھائے۔

ان کی قیادت میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کامیابی سے منعقد ہوا، جس نے معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری اور جدت کی راہ ہموار کی۔ غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بنایا گیا ایس آئی ایف سی کا قیام بھی فیلڈ مارشل کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی متعدد مواقع پر ان کی خدمات کو سراہا اور قومی وقار بلند کرنے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل نے کھیلوں کے فروغ اور کرکٹ ڈپلومیسی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ اسلام آباد میں دھماکے کے بعد سری لنکن ٹیم کے پاکستان دورے کے حوالے سے ان کی خصوصی کاوشوں سے ٹیم نے پاکستان میں قیام کا فیصلہ کیا۔ قومی کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے میں بھی وہ پیش پیش رہے۔

زراعت کے شعبے میں جدت لانے کے لیے جنوبی پنجاب میں بنجر زمینوں کی بحالی اور کھجور فارم کے افتتاح میں بھی فیلڈ مارشل اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ انہوں نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان ہیڈکوارٹرز میں خصوصی خطاب کے دوران نوجوانوں اور مستقبل کے معماروں کے کردار کو سراہا۔

ملکی سلامتی، دفاعی قوت بڑھانے، پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے اور ملک میں امن و امان قائم رکھنے میں فیلڈ مارشل کی کاوشوں پر پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ عوام کو یقین ہے کہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان 2026 میں ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔

مزیدخبریں