کراچی کے حقوق ادا کیے جائیں،حالت موئنجوداڑو سے بھی بدتر :حافظ نعیم الرحمان

05:08 PM, 4 Jan, 2026

کراچی :کراچی میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سندھ اور کراچی کی خراب صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور سندھ کی حالت موئنجوداڑو سے بھی بدتر ہے اور سوال کیا کہ کیا بلاول بھٹو کا وژن کراچی کو موئنجوداڑو بنانا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی نے پورے سندھ کو تباہ کر دیا اور گزشتہ 15 سال میں صوبائی حکومت نے 3 ہزار 360 ارب روپے ضائع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیکس دیتا ہے، ملک چلتا ہے، لیکن یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاروں صوبائی حکومتیں سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہیں، کے فور منصوبہ 20 سال سے مکمل نہیں ہوا، اور پانی اور بنیادی سہولیات کا نظام موجود نہیں۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ کراچی کے دیے گئے انفراسٹرکچر ٹیکس اور دیگر محصولات کا حساب طلب کیا جانا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم نے کراچی کی مردم شماری میں مداخلت کی، اور ایم کیو ایم ہر حکومت کا حصہ رہتی ہے، جبکہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کراچی کا مقدمہ لڑے گی اور حکمرانوں کو شہر کے حقوق دینا ہوں گے۔

مزیدخبریں