کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، حوالہ ہنڈی اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بڑے منی لانڈررز کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی مکمل منی ٹریل بے نقاب کی جائے۔
ایف آئی اے کراچی زون میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی پر زور دیا اور کہا کہ معصوم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی نے جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا جبکہ 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم اشیا اور منشیات ضبط کی گئیں۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ افسران سے کارکردگی رپورٹس طلب کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مؤثر اور متحرک انداز میں کام کرنے کی ہدایت کی۔