عمران خان نیازی نے ایک بار پھر سے ملک کو اندھیرے میں ڈال دیا، شہباز شریف

عمران خان نیازی نے ایک بار پھر سے ملک کو اندھیرے میں ڈال دیا، شہباز شریف
کیپشن: عمران خان نیازی نے ایک بار پھر سے ملک کو اندھیرے میں ڈال دیا، شہباز شریف
سورس: فوٹو/اسکرین گریب نیو نیوز

سوات: شہباز شریف نے کہا عمران خان نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے 300 ڈیم بناؤں گا لیکن اس وقت خیبر پختوانخو سمیت پورے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر سب متحد ہیں اور آج کے جلسے کو کامیاب کروانے پر عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہا عمران خان نے کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے 300 ڈیم بناؤں گا لیکن اس وقت خیبر پختوانخو سمیت پورے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ 2015 تک 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے اور اضافی بجلی پیدا کر کے گئے تھے لیکن عمران خان نیازی نے ایک بار پھر سے ملک کو اندھیرے میں ڈال دیا ہے۔ آج سستی بجلی تو چھوڑ یں مہنگی بجلی بھی نہیں مل رہی۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ تاریخ میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی آج ہے اور بیروزگاری بھی انہتا کو پہنچ چکی ہے اور عوام کو ایسا لگتا ہے کہ آج کے نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان بہتر تھا۔ عمران خان نے ملکی روایات کو پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور آج اسمبلی میں جو بھی اجلاس ہوتے ہیں عمران خان نیازی نہیں آتے جبکہ پارلیمنٹ میں عمران  خان کی سیٹ اس طرح خالی ہوتی ہے جیسے غریب کی جیب۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران نے کہا تھا ایک کروڑ نوکریاں دوں گا لیکن لوگوں کو بے روزگار کر دیا اور پاکستان کی معیشت تباہ کر دی ہے اور اگر نواز شریف کی قیادت میں بی آر ٹی بنتی تو کئی گنا بہتر ہوتی اور عوام ہمارا ساتھ دے گی تو خیبر پختونخوا کو پاکستان کا بہتر صوبہ بنائیں گے۔ 

شہباز شریف نے کہا موجودہ حکومت میں عوام کو سستی دوائیں میسر ہیں نہ اشیائےخورونوش مل رہی ہیں اور اسپتالوں میں مریض دواؤں کیلئے تڑپ رہے ہیں،مفت دوائیں کہیں دستیاب نہیں جبکہ نواز شریف کے دور میں اسپتالوں میں ادویات اور دیگر سہولتیں عوام کو مفت ملتی تھیں اور آکسیجن نہ ہونےسے پشاور کے اسپتالوں میں مریض مررہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا کہنا تھا 90 روز میں کرپشن ختم کردوں گا،الٹا یہاں کرپشن بڑھ چکی ہے اور بی آر ٹی کی بسیں جب چلتی ہیں تو جلتی ہیں جبکہ بی آر ٹی کے نام پر قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا مالم جبہ جانا چاہتا ہوں مگر ڈر ہے مجھے نیب والے پھر نہ دھر لے اس لئے مالم جبہ نہیں جاؤں گا یہاں سے واپس چلا جاؤں گا کیونکہ کہیں یہ نہ کہہ دیں مالم جبہ بھی میں نے بنایا تھا۔ ہمارے دور میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے اور وہی لیپ ٹاپ نوجوانوں کے روزگار کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں اب اگر عوام نے ووٹ کی طاقت سے ان لوگوں کا خاتمہ نہ کیا تو ملک کو شدید نقصان ہو گا۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا عمران خان کا کہنا ہے صبر کرو اور گھبراؤ نہیں لیکن میں عوام کو کہتا ہوں گھبراؤ اور عمران ںیازی کو گھر بھجواؤ کیونکہ بجٹ میں بیواؤں، غریبوں، ناداروں پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا ہے اور اس کے علاوہ بجٹ کے بعد پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر عذاب سے کم نہیں۔ 

شہباز شریف نے کہا نواز شریف دور میں پاکستان ایٹمی قوت بنا اور بھارت میلی آنکھ سے ہماری طرف نہیں دیکھ سکتا لیکن عمران خان کا کہنا ہے ہمیں ایٹمی پروگرام کی ضرورت نہیں۔