منی لانڈرنگ کیس،مونس الٰہی و دیگر ملزمان کی ضمانت میں توسیع

منی لانڈرنگ کیس،مونس الٰہی و دیگر ملزمان کی ضمانت میں توسیع

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی و دیگر ملزمان کی ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور کی بینک عدالت میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی کے خلاف 24ارب کی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس دوران لیگی رہنما سمیت شریک ملزمان محمد خان بھٹی اور واجد احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کیس میں شامل تفتیش ہو گئے ہیں اور کیس کا 47 فیصد ریکارڈ آ چکا ہے، ہم واؤچرزدیکھ رہے ہیں اور تفتیش مکمل کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔
ایف آئی اے کے دلائل پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عبوری ضمانت کو غیر معینہ مدت تک التوا میں نہیں رکھ سکتے، اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیے، ملزمان کے وکیل تیاری کر کے آئیں اور اس کیساتھ ہی عدالت نے مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 جولائی تک توسیع کردی۔
واضح رہے کہ بینکنگ عدالت نے اس کیس میں مونس الٰہی کی 4 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

مصنف کے بارے میں