روسی صدر کا امریکی صدر کو یوم آزادی پر مبارکباد دینے سے انکار

روسی صدر کا امریکی صدر کو یوم آزادی پر مبارکباد دینے سے انکار

ماسکو : روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکی صدر کو یوم آزادی پر مبارکباد دینے سے انکار کردیا ۔ روسی ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا کی غیر دوستانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس سال آزادی کی مبارکباد دینا مناسب نہیں ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق چار جولائی امریکا کا یوم آزادی ہے اور دنیا کے دیگر ممالک کے سربراہان کی طرف سے امریکی صدر اور عوام کو آزادی کی مبارکباد کا پیغام دینا ایک روایت بن چکی ہے لیکن اس سال روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکی ہم منصب کو آزادی کے موقع پر مبارکباد کا پیغام نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 

روسی صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے بتایا کہ صدر ولادی میر پیوٹن امریکی ہم منصب جو بائیڈن کو 4 جولائی کو امریکی یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد نہیں دیں گے۔ترجمان نے کہا کہ روس کے حوالے سے امریکا کی غیر دوستانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس سال مبارکباد کا پیغام دینا مناسب نہیں۔

خیال رہے کہ فروری میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔امریکا کی جانب سے روس پر سخت اقتصادی پابندیوں کا نفاذ بھی کیا گیا ہے جبکہ روس کے بیشتر غیر ملکی اثاثے منجمد ہوچکے ہیں ۔