لاہور میں 9 اور 10 محرم محرم الحرام کیلئے سخت انتظامات، ٹریفک ایڈوائزری پلان تشکیل

02:16 PM, 4 Jul, 2025

لاہور: سٹی ٹریفک پولیس نے محرم کے 9 اور 10 تاریخ کو شہر میں ٹریفک کی روانی اور شہری سہولت کے لیے ایک جامع پلان جاری کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق ان دونوں دنوں میں لاہور میں 600 سے زائد مجالس اور 117 جلوس نکلیں گے، جن کے لیے فول پروف ٹریفک انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

محرم کے اہم دنوں پر شہر کے مختلف علاقوں سے پانچ بڑے جلوس برآمد ہوں گے، جن میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے شروع ہو کر روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پر ختم ہوگا۔ دیگر بڑے جلوس پانڈو سٹریٹ، خیمہ سادات، قصرِ بتول شادمان، نبی پور شیعاں لال پل، ماڈل ٹاؤن، چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے برآمد ہوں گے۔

ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ جلوسوں کے دوران پارکنگ اور راستے کے متبادل پوائنٹس کو اچھی طرح چیک کیا گیا ہے، اور تقریباً 400 ٹریفک انسپکٹرز اور 2200 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک بلا رکاوٹ چلتی رہے۔ علاوہ ازیں، دو زونل ایس ایس پی، چار ڈویژنل ایس پی اور 21 ڈی ایس پی جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے خاص راستے بنائے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری رسپانس دیا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور راستہ ایپ کے ذریعے ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہیں اور ہیلپ لائن نمبر 15 پر کسی بھی مدد کے لیے رابطہ کریں۔

سی ٹی او نے ٹریفک وارڈنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشکوک افراد اور لاوارث اشیا پر سخت نظر رکھیں، اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری کی پابندی کرتے ہوئے اپنا سفر محفوظ بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تیار ہے۔

مزیدخبریں