حکومت کا ایران و عراق جانے والے زائرین کے لیے سہولیات بڑھانے کا فیصلہ

01:41 PM, 4 Jul, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم کی ہدایت پر ایران اور عراق جانے والے زائرین کی مشکلات حل کرنے کے لیے قائم خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ سول ایوی ایشن کی بریفنگ کے مطابق ایران کے لیے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی ہے، جبکہ عراق کے لیے اربعین کے موقع پر 107 خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔ مزید پروازوں کے اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

زائرین کو بہتر سہولت دینے کے لیے مستقبل میں فیری سروس بھی شروع کی جائے گی۔ عاشورہ کے بعد عراق کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ زمینی راستے سے سفر کی اجازت دی جائے یا نہ دی جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت زائرین کی حفاظت اور سہولت کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے اور کسی بھی مشکل سے بچانے کی پوری کوشش کرے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جنوری 2026 سے زائرین صرف گروپ آرگنائزرز سسٹم کے تحت ہی زیارات کے لیے جا سکیں گے اور سالار سسٹم کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ اب تک 1413 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن کی جانچ جاری ہے۔

وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ ایف آئی اے اور دیگر ادارے غیر قانونی طور پر عراق جانے والوں کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کریں۔

مزیدخبریں