پاکستان اور ترکیہ معاشی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم، اسحاق ڈار

08:47 PM, 4 Jul, 2026

استنبول: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد پر مبنی رشتہ ایک قیمتی اثاثہ ہے۔

پاکستان۔ترکیہ بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات میں معاشی تعاون کی نوعیت تبدیل ہو رہی ہے اور موجودہ دور میں معاشی شراکت داری کو مزید وسعت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جدید سفارتکاری میں معیشت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور حکومت تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی، توانائی، کان کنی اور دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔ ان کے مطابق دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، نئے اتحاد بن رہے ہیں اور نئے تجارتی معاہدے سامنے آ رہے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کو اپنی عوام کے روشن مستقبل کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط اور وسیع کیا جا سکے۔

مزیدخبریں