1,400 فٹ بلندی پر شادی کی پیشکش، جوڑا گرفتار

09:11 PM, 4 Jul, 2026

نیویارک: ایک نقاب پوش شخص نے اپنی محبت کا اظہار منفرد انداز میں کرتے ہوئے تقریباً 1,400 فٹ بلند ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے مینار پر بغیر کسی حفاظتی رسی یا سیفٹی آلات کے چڑھ کر اپنی ساتھی کو شادی کی پیشکش کر دی۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ یکم جولائی کو پیش آیا، جب تجربہ کار کوہ پیما جوڑا بغیر اجازت عمارت کی چوٹی تک پہنچا۔ تقریباً سب سے اوپر پہنچنے کے بعد نوجوان ایک گھٹنے پر بیٹھ گیا، اپنی ساتھی کو انگوٹھی پہنائی اور شادی کی پیشکش کی، جسے خاتون نے قبول کر لیا۔

دونوں کوہ پیما دنیا کی بلند عمارتوں پر بغیر اجازت چڑھنے کی مہمات کے باعث پہلے ہی شہرت رکھتے ہیں، تاہم اس بار ان کی منگنی کا انداز جتنا منفرد تھا، اتنا ہی خطرناک بھی ثابت ہوا۔

واقعے کے فوراً بعد دونوں نیچے اترے تو نیو یارک پولیس نے غیر قانونی طور پر عمارت پر چڑھنے کے الزام میں انہیں حراست میں لے لیا۔

اس حیرت انگیز واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کی، جہاں کئی افراد نے اسے محبت کی منفرد مثال قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے انتہائی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا۔

مزیدخبریں