لاہور : پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے سمبڑیال کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فافن (FAFEN) کی رپورٹ واضح کرتی ہے کہ سمبڑیال کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 39 ہزار ووٹوں کی بڑی مارجن سے شکست کے بعد دھاندلی کا الزام لگانا غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک ہے۔ فافن کی رپورٹ کے مطابق، پریزائیڈنگ افسران نے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 فراہم کیے اور 121 پولنگ ایجنٹس میں سے 116 نے ووٹنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمبڑیال میں مسلم لیگ (ن) کے ووٹوں کا تناسب 41 فیصد سے بڑھ کر 59 فیصد تک پہنچ گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کا ووٹ 35 فیصد سے گھٹ کر 29 فیصد رہ گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے اس رپورٹ کو پی ٹی آئی اور اس کے ایجنڈے کے حامیوں کے لیے ایک واضح پیغام قرار دیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ شکست کو تسلیم کرنے کے بجائے پولیس اور انتظامیہ پر الزامات لگانا پی ٹی آئی کی روایت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام اب مریم نواز کی قیادت میں خدمت کی سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں اور سمبڑیال کی نشست مسلم لیگ (ن) کی جیت کا خاصہ رہی ہے۔