نیویارک :اقوام متحدہ میں پاکستان نے ایک اہم سفارتی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی 15 رکنی انسداد دہشتگردی کمیٹی (CTC) کا نائب صدر منتخب ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان طالبان پر پابندیوں سے متعلق ذیلی کمیٹی کی صدارت بھی کرے گا، جو طالبان کے اثاثے منجمد کرنے، سفری پابندیاں لگانے اور ہتھیاروں کی فراہمی روکنے جیسے اہم اقدامات کی نگرانی کرتی ہے۔
پاکستانی اعلیٰ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر مسلسل کوششوں کا اعتراف ہے اور بھارت کے پاکستان کو دہشتگردوں کا سہولت کار قرار دینے والے بیانیے کو ایک بڑا دھچکا ہے۔ سلامتی کونسل کی یہ کمیٹی دہشتگردی کے عالمی خطرات سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کرتی ہے اور پاکستان اب اس کے کلیدی فیصلوں میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔
یہ پیش رفت خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو مزید مستحکم کرے گی اور عالمی برادری میں پاکستان کی شبیہ بہتر بنائے گی۔