ملک بھر میں موسم گرم اور خشک، بالائی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

07:42 PM, 4 Jun, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمے کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور مشرقی و وسطی پنجاب میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔

مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی، جن میں راولاکوٹ میں 21 ملی میٹر، کاکول 17 ملی میٹر، مری 10 ملی میٹر، مظفرآباد 10، سیدو شریف 13، اسلام آباد ایئرپورٹ 6 اور اسکردو میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

گرمی کی شدت برقرار ہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہید بینظیر آباد میں 45، جبکہ تربت اور دادو میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بادل چھا گئے ہیں، مری میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد درجہ حرارت کم ہوکر 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گوجرخان، جہلم، اوکاڑہ اور حویلی لکھا میں تیز آندھی کے ساتھ بارش شروع ہوچکی ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ایبٹ آباد سمیت بالائی علاقوں میں سردی کی لہر محسوس کی جا رہی ہے، شہریوں نے گرم کپڑوں کا استعمال دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

مزیدخبریں