اداکارہ میرب علی کی حالت بہتر، اسپتال سے ڈسچارج

12:34 AM, 4 Jun, 2026

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل میرب علی نے اپنی صحت کے حوالے سے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں انگلی کے مسئلے کے باعث سرجری کروانا پڑی، جس کے بعد وہ کچھ وقت اسپتال میں زیرِ علاج رہیں۔

میرب علی نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں کو اپنی طبی کیفیت سے آگاہ کیا۔ ان کے مطابق ایک انگلی میں حرکت محدود ہو گئی تھی اور وہ بار بار اکڑ کر لاک ہو جاتی تھی، جس کی وجہ سے روزمرہ معمولات انجام دینا مشکل ہو گیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ ابتدا میں ماہرینِ امراضِ جوڑ (رہیومیٹولوجسٹ) اور نیورولوجسٹ نے ان کی حالت کو معمولی قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں آرتھوپیڈک سرجن کی تفصیلی جانچ کے بعد سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔

میرب علی کے مطابق انہیں اندازہ تھا کہ یہ ایک سادہ نوعیت کا عمل ہوگا، لیکن آپریشن ان کی توقع سے زیادہ پیچیدہ اور وقت طلب ثابت ہوا۔ یہ سرجری کراچی کے آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں انجام دی گئی، جہاں دورانِ علاج انہوں نے اپنی ایک ویڈیو بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

اداکارہ نے کہا کہ آپریشن کے بعد ان کی صحت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، جبکہ مداحوں، دوستوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

شوبز شخصیات میں مایا خان، درفشاں سلیم، ثناء فہد اور رابعہ کلثوم سمیت متعدد فنکاروں نے میرب علی کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی انہیں آرام کرنے اور موبائل فون کے کم استعمال کا مشورہ دیا تاکہ انگلی پر مزید دباؤ نہ پڑے۔

کچھ مداحوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی طبی شکایات بعض اوقات مسلسل ہاتھوں کے استعمال یا دیگر جسمانی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی سامنے آ سکتی ہیں۔ اداکارہ کے اس انکشاف کے بعد ان کی جلد مکمل صحت یابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں