سوشل میڈیا سٹار ویلن اسکارسینی اور فٹبالر ٹِم پین کی ملاقات

08:39 PM, 4 Jun, 2026

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے فٹبالر ٹِم پین نے بدھ کے روز ارجنٹائن کے سوشل میڈیا انفلوئنسر ویلن اسکارسینی سے پہلی بار ملاقات کی، جنہوں نے ایک وائرل مہم کے ذریعے ان کی عالمی سطح پر غیر معمولی شہرت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے معروف کانٹینٹ کریئیٹر ویلن اسکارسینی، جو "ایل اسکارسو" کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے گزشتہ ہفتے اپنے فالوورز سے اپیل کی تھی کہ وہ فیفا ورلڈ کپ میں شریک نسبتاً کم معروف نیوزی لینڈ فٹبالر ٹِم پین کو سوشل میڈیا پر فالو کریں۔

اس اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر غیر معمولی ردِعمل سامنے آیا اور ٹِم پین کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد چند ہی دنوں میں 4 ہزار سے بڑھ کر 49 لاکھ تک پہنچ گئی۔

دونوں شخصیات کی پہلی ملاقات فلوریڈا میں نیوزی لینڈ ٹیم کے ٹریننگ کیمپ میں ہوئی، جہاں ٹِم پین نے اسکارسینی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کی جرسی پیش کی۔

ٹِم پین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس غیر متوقع مقبولیت سے نہ صرف ان کی انفرادی شناخت کو فائدہ پہنچا ہے بلکہ نیوزی لینڈ فٹبال کو بھی عالمی سطح پر توجہ ملی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنی شخصیت اور کھیل کے انداز میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی پوری توجہ اپنے ملک کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے پر مرکوز ہے۔ اس موقع پر ویلن اسکارسینی نے مزاحیہ انداز میں ٹِم پین کو ارجنٹائن آنے کی دعوت بھی دی۔
 
 

مزیدخبریں