'مشکل وقت ختم نہیں ہوا، دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار رہنا ہو گا'

'مشکل وقت ختم نہیں ہوا، دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار رہنا ہو گا'
کیپشن: پاک فضائیہ کے سربراہ نے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ کیا، فوٹو/ اسکرین گریب

کراچی: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا ہمیں ابھی بھی دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار رہنا ہو گا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ کیا اور دورے کے دوران بیسز پر ہوا بازوں، ائیر ڈیفنس، انجینئرنگ اور سیکیورٹی پر مامورعملے سے ملاقات کی۔

اس دوران ایئر چیف نے دشمن کے خلاف حالیہ فضائی کامیابی کے دوران عملے کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم خدائےِ ذوالجلال کے حضور سربسجود ہیں جس نے ہمیں یہ طاقت دی کہ ہم اپنی قوم کی امیدوں پر بھرپور انداز میں پورا اتر سکے۔

ایئر چیف نے کہا کہ دشمن کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں مادرِ وطن کی سالمیت اور دفاع کے فریضے کو بطریقِ احسن انجام دینے پر پوری قوم کو پاک فضائیہ پر ناز ہے لیکن مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا۔ ہمیں ابھی بھی دشمن کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔