اسلام آباد : پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت پاک افغان سرحد پر افغان طالبان، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے 50 مختلف مقامات پر ان دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
یہ کارروائیاں 3 اور 4 مارچ کی درمیانی شب بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے کی گئیں۔ قلعہ سیف اللہ، چمن، سمبازہ، گھڈوانہ، جانی اور غزنالی سیکٹر جیسے حساس مقامات پر افغان طالبان اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا، جو سرحد پار سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔
پاک فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد ملکی خودمختاری کو برقرار رکھنا اور شہریوں کو دہشت گردوں کی کارروائیوں سے بچانا ہے۔ فوج نے عزم ظاہر کیا کہ یہ آپریشن طے شدہ اہداف کے مکمل حصول تک جاری رہے گا، تاکہ پاکستان کی سرحدوں اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔