’فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان‘ کا قلع قمع کرنا اب ’جہاد‘ ہے: حافظ طاہر اشرفی کا کوئٹہ میں بڑا اعلان

03:00 PM, 4 Mar, 2026

کوئٹہ : پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے کوئٹہ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف سخت ترین مذہبی اور قومی بیانیہ جاری کر دیا ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ اب محض ایک فوجی آپریشن نہیں بلکہ ایک مقدس جہاد ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے انکشاف کیا کہ افغانستان کی سرزمین اس وقت ’فتنہ الخوارج‘ (ٹی ٹی پی) اور ’فتنہ الہندوستان‘ کے دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر مل کر پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناپاک کوششیں کر رہے ہیں، لیکن پاکستان کی سلامتی اور تحفظ ہر صورت مقدم رہے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران حافظ طاہر اشرفی نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہاہم افغانستان میں موجود ان فتنہ پرور دہشت گردوں کے خلاف پاکستانی افواج کی کارروائیوں کو جہاد سمجھتے ہیں۔ جو لوگ اسلام کے نام پر معصوم پاکستانیوں کا خون بہا رہے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور ان کا خاتمہ شرعی و قومی فریضہ ہے۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے واضح کیا کہ پاکستان کے علماء، مشائخ اور عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے پیغام دیا کہ دشمن جان لے کہ پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔

مزیدخبریں