ایران میں ’رجیم چینج‘ کی کوششیں مشرقِ وسطیٰ کو لے ڈوبیں گی: ترکیہ کی امریکہ کو کھلی وارننگ

03:09 PM, 4 Mar, 2026

انقرہ / واشنگٹن : ترکیہ نے ایران میں حکومت کی تبدیلی  کے حوالے سے امریکی عزائم پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسی کوئی بھی کوشش پورے خطے کے لیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوگی۔ ترکیہ کے وزیرِ خارجہ نے واشنگٹن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی اہداف اور سیاسی نظام کی تبدیلی دو الگ راستے ہیں، جنہیں خلط ملط کرنے کے نتائج کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔
ترک وزیرِ خارجہ نے ایک اہم بیان میں امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ کوئی کارروائی کرنا چاہتا ہے تو اسے صرف فوجی اہداف تک محدود رکھے، لیکن اگر اس کی آڑ میں ایران میں حکومت گرانے یا ’رجیم چینج‘ کی کوشش کی گئی تو یہ پورے مشرقِ وسطیٰ کے لیے سنگین خطرہ بن جائے گی۔
ترکیہ نے انتباہ کیا ہے کہ ایران جیسے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے سے خطے میں ایک ایسا بحران اور طاقت کا خلا (Power Vacuum) پیدا ہوگا جس کی کسی کو توقع بھی نہیں۔ ترک حکام کے مطابق حکومت تبدیلی کی کوششوں سے خطے میں ایسا ہولناک منظرنامہ جنم لے گا جسے سنبھالنا عالمی طاقتوں کے بس سے بھی باہر ہو جائے گا۔
ترکیہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ترکیہ نے امریکہ کو یہ باور کرا دیا ہے کہ ایران میں مداخلت صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کی چنگاریاں پڑوسی ممالک تک پھیلیں گی، جس سے عالمی امن خطرے میں پڑ جائے گا۔

مزیدخبریں