ٹی20 ورلڈکپ2026: نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دےکر فائنل میں جگہ بنا لی

10:22 PM, 4 Mar, 2026

کولکتہ : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کولکتہ کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ایک سو ستر رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر تینتالیس گیندیں قبل حاصل کرلیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنر فن ایلن نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف تینتیس گیندوں پر ناقابلِ شکست سنچری اسکور کی۔ ان کی دلکش اننگز میں دس چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے۔ کیوی ٹیم کی واحد وکٹ ٹم سائفرٹ کی گری جو اٹھاون رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ راچن رویندرا تیرہ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انہتر رنز بنائے۔

 ابتدائی بلے بازوں کی ناکامی کے بعد مارکو یانسن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناقابلِ شکست پچپن رنز اسکور کیے اور ٹیم کو سہارا دیا۔ ڈیوالڈ بریوس چونتیس اور ٹرسٹن اسٹبز انتیس رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم کپتان ایڈم مارکرم اٹھارہ، کوئنٹن ڈی کوک دس، ڈیوڈ ملر چھ جبکہ ریان ریکلٹن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے بھی مؤثر کارکردگی دکھائی اور اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس فتح کے بعد نیوزی لینڈ نے عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں