اسلام آباد: پاکستان نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے حوالے سے بھارت کے جھوٹے دعوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک جامع اور تحقیق پر مبنی ڈاکیومنٹری جاری کر دی ہے۔ اس ڈاکیومنٹری میں واقعے کے اصل محرکات، زمینی حقائق اور بھارتی بیانیے کی حقیقت دنیا کے سامنے رکھی گئی ہے۔
ڈاکیومنٹری میں بھارت کی طرف سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ہے، اور ان الزامات کو جھوٹا ثابت کرنے کے لیے ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ اس میں بھارت کے اندر سے عوام، سیاست دانوں اور مختلف طبقات کی جانب سے اس واقعے پر اٹھنے والے سنجیدہ سوالات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
واضح کیا گیا ہے کہ پہلگام واقعے میں کئی ایسی خامیاں اور تضادات موجود ہیں جو اس کو ایک منصوبہ بند فالس فلیگ آپریشن ثابت کرتے ہیں۔ ڈاکیومنٹری میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ پاکستان نے کیسے اپنی مؤثر سفارتی حکمت عملی اور ٹھوس بیانیے سے بھارت کو عالمی سطح پر دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کو پیشگی ناکام بنا دیا۔