پشاور زلمی حیدرآباد کنگزمین کو ہرا کر پی ایس ایل کی نئی چیمپئن بن گئی

11:42 PM, 3 May, 2026

لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے سنسنی خیز فائنل معرکے میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل میں زلمی نے 8 سال بعد ٹائٹل جیت کر اپنی تاریخ رقم کر دی۔
میچ کا آغاز پشاور زلمی کے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کے فیصلے سے ہوا۔ زلمی کے بولرز نے ابتدا ہی سے حیدرآباد کنگزمین کو دباؤ میں رکھا۔ صائم ایوب کی 54 رنز کی اننگز کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زلمی کی بولنگ کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ کپتان مارنوس لیبوشین 20 اور معاذ صداقت 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ زلمی کی جانب سے سفیان مقیم اور ناہید رانا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
130 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جیت کی راہ آسان نہ تھی۔ محض 7 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حارث اور کپتان بابر اعظم پویلین لوٹ چکے تھے۔ جب اسکور 40 رنز تک پہنچا تو ٹیم کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں اور حیدرآباد کی گرفت میچ پر مضبوط دکھائی دے رہی تھی۔
ایسے نازک وقت میں ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی شراکت قائم کی۔ ایرون ہارڈی نے 36 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچایا، جبکہ عبدالصمد 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پی ایس ایل فائنل کے لیے قذافی اسٹیڈیم 'ہاؤس فل' رہا۔ ٹاس سے قبل منعقدہ رنگا رنگ اختتامی تقریب میں ملک کے صف اول کے فنکاروں نے پرفارم کیا، جس کے بعد کرکٹ کے اس دلچسپ مقابلے نے شائقین کے جوش و خروش کو انتہا پر پہنچا دیا۔ بابر اعظم کی قیادت میں زلمی نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنی برتری برقرار رکھی اور آخر کار ٹرافی اپنے نام کی۔

مزیدخبریں