کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 'معرکہء حق' کو پاکستان کی تاریخ کا ایک روشن اور سنہرا باب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے میدانِ جنگ میں دشمن کو وہ شکست دی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ کراچی میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا دفاع اور وقار کسی بھی صورت سمجھوتے کے قابل نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے ایک سال قبل کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے دشمن یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ پاکستان غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے اور اسے توڑا یا ہرایا جا سکتا ہے، لیکن وہ پاکستانی قوم کی طاقت سے واقف نہیں تھا۔
پاک افواج نے دشمن کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دیا اور ثابت کیا کہ وطن کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑ دی جائے گی۔
چیئرمین پی پی پی نے سفارتی محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابیوں کو بھی نمایاں کیا۔ جہاں سرحدوں پر افواج نے مقابلہ کیا، وہیں ہمارے سفارتکاروں نے عالمی فورمز پر دشمن کے بیانیے کو شکست فاش دی۔ یہ فتح کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی یکجہتی اور اتحاد کا نتیجہ ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو نے قومی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان نہ کبھی سرنڈر کرے گا اور نہ ہی کسی قسم کی جارحیت کو برداشت کیا جائے گا۔ اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کو معاشی اور دفاعی طور پر مزید مضبوط بنائیں۔
’پاکستان سرنڈر کرے گا نہ جارحیت برداشت کرے گا‘: معرکہء حق دشمن کی خام خیالی کا جواب ہے، بلاول بھٹو
02:12 PM, 4 May, 2026