پی ایس ایل 11: بابر اعظم کی قیادت میں ٹیم آف دی ایونٹ کا اعلان

08:25 PM, 4 May, 2026

اسلام آباد : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے اختتام پر ٹیم آف دی ایونٹ اور ایمرجنگ ٹیم آف دی ایونٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

ٹیم آف دی ایونٹ کی قیادت پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کریں گے۔ اس ٹیم میں ان کے ہمراہ زلمی کے وکٹ کیپر کوشال مینڈس اور اسپنر سفیان مقیم کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں حیدرآباد کنگزمین کے عثمان خان، حسان خان اور حنین شاہ شامل ہیں۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم کا حصہ بنے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور فاسٹ بولر رچرڈ گلیسن کو بھی اسکواڈ میں جگہ ملی ہے۔

اسی طرح ملتان سلطانز کے شان مسعود کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب ایمرجنگ ٹیم آف دی ایونٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔ لاہور قلندرز کے عبید شاہ، حیدرآباد کنگزمین کے معاذ صداقت اور حنین شاہ، پشاور زلمی کے علی رضا اور فرحان یوسف، ملتان سلطانز کے مومن قمر اور محمد اسماعیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سمیر منہاس، راولپنڈی کے سعد مسعود، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شامل حسین اور کراچی کنگز کے سعد بیگ بھی ایمرجنگ ٹیم کا حصہ ہیں۔ لاہور قلندرز کے محمد فاروق کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق یہ انتخاب پی ایس ایل 11 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں