پنجاب میں سموگ کی شدت میں اضافہ، لاہور دنیا میں فضائی آلودگی میں سب سے آگے

09:26 AM, 4 Nov, 2025

لاہور: پنجاب بدستور سموگ کی لپیٹ میں ہے اور لاہور ایک بار پھر دنیا کے فضائی آلودگی کے سب سے زیادہ متاثرہ شہروں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 372 تک پہنچ گیا ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی خطرناک سطح پر پہنچ چکی ہے۔ رائیونڈ میں AQI 587، گلبرگ 581، لوئر مال 552 اور ڈی ایچ اے کا AQI 478 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 31 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے آلودگی میں واضح کمی متوقع ہے۔

دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ گوجرانوالہ کا AQI 280، ملتان کا 210، سیالکوٹ کا 184، فیصل آباد کا 251 اور پشاور کا 196 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس سنگین صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت اور محکمہ ماحولیات نے آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ متعدد فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ 41 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹمز کو فعال کر دیا گیا ہے اور ڈرون سکواڈز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سموگ فری زونز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ہوا فراہم کی جا سکے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ "صاف فضا ہر شہری کا حق ہے اور حکومت سموگ کے مستقل خاتمے کے لیے پائیدار اقدامات اٹھانے میں پرعزم ہے۔" تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو سموگ کے مستقل حل کے لیے مزید جامع حکمت عملی اپنانی ہو گی تاکہ آلودگی کی سطح کو طویل مدت تک کنٹرول کیا جا سکے۔

مزیدخبریں