اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع، سردی کی شدت میں اضافہ

02:29 PM, 4 Nov, 2025

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں تیز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے شہر کا موسم بدل گیا ہے اور سردی کی شدت میں قابلِ ذکر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 4 سے 5 نومبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

 دوسری طرف، صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بارشوں اور برفباری کے باعث موسمی حالات میں تبدیلی آئی ہے۔ پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے مختلف علاقوں میں آج سے 5 نومبر تک بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے  کے مطابق، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے ساتھ برفباری بھی متوقع ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کو پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیشگی احتیاطی تدابیر: پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ تمام ضروری اقدامات کریں تاکہ بارشوں اور برفباری کے باعث ہونے والے ممکنہ نقصانات کو روکا جا سکے۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق، اس بارشوں کے سلسلے سے نہ صرف درجہ حرارت میں کمی آئے گی، بلکہ مختلف علاقے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے قدرتی آفات سے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

مزیدخبریں