کراچی: پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کا مطلوب کمانڈر غفار ذکری ہلاک

کراچی: پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کا مطلوب کمانڈر غفار ذکری ہلاک
کیپشن: image by facebook

کراچی:کراچی  کے علاقے لیاری میں صبح سویرے مبینہ پولیس مقابلے میں انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر غفار ذکری اپنے ساتھی اور بچے سمیت مارا گیا۔

خفیہ اطلاع پر پولیس نے لیاری کے علی محمد محلے میں صبح سویرے کارروائی کی، اس دوران پولیس اور گینگ وار ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں گینگ وار کا اہم کمانڈر غفار ذکری، ساتھی چھوٹا زاہد اور ایک بچہ ہلاک ہوا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا بچہ غفار ذکری کا بیٹا تھا اور اس کی عمر لگ بھگ 3 سال تھی۔

ڈی آئی جی جنوبی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ ایسی اطلاعات تھیں کہ غفار ذکری کئی روز سے لیاری میں روپوش ہے، اسی بنیاد پر علی محمد محلے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے آپریشن کیا، اس دوران گینگ وار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی اور دستی بموں سے بھی حملہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اور ملزمان کے درمیان تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے مقابلے میں غفار ذکری مارا گیا جبکہ اس دوران اس کا ساتھی چھوٹا زاہد اور اس کا بیٹا بھی ہلاک ہوا۔

ڈی آئی جی جنوبی کا کہنا تھا کہ مقابلے میں پولیس سب انسپکٹر اللہ دتہ اور کانسٹیبل میر عابد علی زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا, جہاں پیٹ میں گولی لگنے کی وجہ سے اللہ دتہ کی حالت تشویش ناک ہے۔