حماس نے امن منصوبہ قبول کر لیا، ٹرمپ نے اسرائیل کو غزہ پر بمباری روکنے کی ہدایت دے دی

11:29 AM, 4 Oct, 2025

غزہ : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کو قبول کر لیا ہے اور تمام یرغمالیوں کو زندہ یا مردہ واپس کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ حماس نے ثالثوں کو اپنا جواب پہنچا دیا ہے اور مذاکرات میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیل کو غزہ پر فوری بمباری روکنے کی ہدایت دے دی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ آج کا دن مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور یرغمالی جلد اپنے خاندانوں کے پاس واپس آئیں گے۔

حماس نے غزہ کی انتظامیہ آزاد فلسطینی ٹیکنوکریٹس کو سپرد کرنے، اور ہتھیاروں کی مستقبل کی فلسطینی قیادت کو منتقلی کی بات کی ہے، ساتھ ہی جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا پر زور دیا ہے۔ تنظیم نے تمام فلسطینی دھڑوں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مشاورت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ غیرمسلح تب تک نہیں ہوگی جب تک اسرائیلی فوج غزہ سے مکمل انخلا نہ کرے۔

صدر ٹرمپ نے قطر، مصر، سعودی عرب اور دیگر ممالک کا تعاون سراہا اور امن کے قیام کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں