جدہ میں سیرین ایئرلائن کی پروازوں کی معطلی، 1800 سے زائد پاکستانی مسافر شدید مشکلات کا شکار

10:26 PM, 4 Oct, 2025

جدہ: سیرین ایئرلائن کی پروازوں کی اچانک معطلی کے باعث جدہ میں موجود 1800 سے زائد پاکستانی مسافر شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں، جن میں خواتین، بزرگ اور عمرہ زائرین کی بڑی تعداد شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق، متاثرہ مسافروں کو جدہ ایئرپورٹ سے قریبی ہوٹلوں میں تو منتقل کر دیا گیا ہے، لیکن وہاں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں کھانے پینے کی مناسب سہولت دستیاب نہیں، جبکہ دو افراد کے کمروں میں پانچ پانچ افراد کو ٹھہرایا گیا ہے، جس سے نہ صرف جگہ کم پڑ گئی ہے بلکہ خواتین اور بزرگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیرین ایئرلائن کے مقامی دفتر اور عملے سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا، اور جدہ میں موجود ایئرلائن منیجر کا موبائل فون بھی مسلسل بند جا رہا ہے۔

دوسری جانب، جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے تاحال کوئی واضح مؤقف یا مدد فراہم نہیں کی گئی، جس سے مسافروں میں بے چینی اور اضطراب مزید بڑھ گیا ہے۔

متاثرہ پاکستانیوں نے حکومت پاکستان، دفترِ خارجہ، اور سول ایوی ایشن حکام سے فوری نوٹس لینے اور وطن واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تین روز سے ایئرلائن اور حکام کے رحم و کرم پر ہیں، لیکن کوئی ذمہ دار ان کی داد رسی کے لیے سامنے نہیں آیا۔

مزیدخبریں