ہمیں نئی نسل کو دیانت داری، امانت داری، سچائی، اور دوسروں کے احترام کا سبق دینا ہو گا، چئیرمین ایپ سیپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن

12:02 PM, 4 Sep, 2025

فیصل آباد : دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سیپ) کے زیر اہتمام ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیم، کردار سازی، اور نوجوانوں کی تربیت کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ 

"سپ ایپ" کے زیر اہتمام سیمینار "2030 کا پاکستان: چیلنج، امکانات اور نئی راہیں".پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ایونٹ ملک کے عظیم تعلیمی رہنما میاں عامر محمود کے نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں عامر محمود نے پاکستان کو چار سو سے زائد کالجز اور تین بڑی یونیورسٹیاں دی ہیں، جو ملک و قوم کے لیے ایک عظیم سرمایہ ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے کہا کہ ہمیں اپنے حقیقی ہیروز کی قدر کرنی ہو گی۔"ہمارے ہیرو سلمان خان یا عامر خان نہیں بلکہ میاں عامر محمود جیسے لوگ ہیں جنہوں نے قوم کو تعلیم دی، ادارے دیے اور ایک وژن دیا۔"
انہوں نے کہا کہ ایپ سیپ کی تحقیق کے مطابق پاکستان کے نوجوانوں میں سب سے بڑی کمی سکلز کی نہیں بلکہ کردار اور رویے کی ہے۔"ہمارے نوجوان وقت کی پابندی نہیں کرتے، ذمہ داری کا احساس کم ہے، اور سیلف کنٹرول کی کمی ہے۔ ہمیں اس پر سنجیدگی سے کام کرنا ہو گا۔"
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو دیانت داری، امانت داری، سچائی، اور دوسروں کے احترام کا سبق دینا ہو گا۔"ہمیں کسی کو برا کہنے کے بجائے خود کو بدلنے پر کام کرنا ہو گا۔ اگر ہمارا کردار بہتر ہو گا تو لوگ ہم سے متاثر ہوں گے۔"
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے کہا "ہم اس نبی کی امت ہیں جنہوں نے ایک عظیم اخلاقی، سماجی اور تعلیمی انقلاب برپا کیا۔"
خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ایپ سیپ کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں اللہ پر یقین، احساسِ ذمہ داری، اور اعتماد پیدا کرنا ہے تاکہ وہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو اچھی گورننس، باکردار قیادت، اور ذمہ دار نوجوانوں کی ضرورت ہے۔"اگر ہم نے سیرتِ نبوی پر عمل کیا تو ذاتی، سماجی اور قومی ترقی یقینی ہے۔"

مزیدخبریں