لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی، جنہوں نے دلائل سننے کے بعد شیر شاہ کی ضمانت کی درخواست ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
پولیس نے شیر شاہ کو 9 مئی 2023 کو پیش آنے والے جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ یہ مقدمہ ان اہم کیسز میں شامل ہے جو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے دوران درج کیے گئے تھے۔عدالتی حکم کے مطابق، مچلکے جمع کرانے کے بعد شیر شاہ کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی عدالت نے عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کو اسی کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ جناح ہاؤس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے کئی کارکنان اور رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے متعدد کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے، جب کہ دیگر کی درخواستیں زیرِ التواء ہیں۔