بیجنگ : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے بیجنگ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ہمہ جہت تزویراتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے اور سی پیک فیز-2 کے تحت پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس کے بعد چینی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے اعزاز میں پروقار ظہرانہ دیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی مسلسل حمایت پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حمایت سے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ایکشن پلان 2024-2029 پر دستخط کیے گئے، جسے ایک اہم پیشرفت قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی، میڈیا، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مختلف مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کو پاکستان کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا دوسرا مرحلہ ملک میں صنعتی و اقتصادی ترقی کا نیا باب کھولے گا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے سی پیک فیز-2 کے تحت پانچ نئی اقتصادی راہداریوں پر مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے قراقرم ہائی وے اور ریلوے لائن-1 کی بحالی اور گوادر پورٹ کو جلد مکمل طور پر فعال بنانے پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے بیجنگ میں منعقد ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کا بھی ذکر کیا، جس میں 300 پاکستانی اور 500 چینی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ انہوں نے زراعت، کان کنی، ٹیکسٹائل، صنعت اور آئی ٹی کو ترجیحی شعبے قرار دیتے ہوئے چین کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے چینی قیادت کو آگاہ کیا کہ پاکستان جلد چینی کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو کا مکمل حامی ہے۔
دونوں ممالک نے 2026 میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ شاندار انداز میں منانے پر بھی اتفاق کیا، جس کے لیے مشترکہ تقریبات اور سرگرمیوں کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔