اسلام آباد : فلسطین کے چیف جسٹس ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش کی قیادت میں 4 رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں امام مسجد اقصیٰ اور امام مسجد ابراہیمی بھی شریک تھے۔
فلسطینی وفد نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وفد نے کہا کہ فلسطینی عوام پاکستانی بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی حمایت مذہب، نسل یا جغرافیہ سے بالاتر ایک انسانی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔
سردار محمد یوسف نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت، بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام اور مقدس مقامات کی پامالی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان نے فلسطینی عوام کا ساتھ دیا ہے، جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ ستمبر کے دوران کئی ممالک فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے جا رہے ہیں، جو ایک اہم سفارتی کامیابی ہوگی۔
ڈاکٹر الہباش نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب عالم اسلام کے قائدین مسجد اقصیٰ میں اکٹھے ہو کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان علما کے تبادلے، بین المذاہب مکالمے کے فروغ اور مشترکہ مذہبی و ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔