پاکستان میں تیل و گیس کے اہم ذخائر کی دریافت

09:50 PM, 4 Sep, 2025

اٹک:پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) نے پنجاب کے ضلع اٹک میں واقع ڈھوک سلطان-03 کنویں میں تیل اور گیس کے نئے قدرتی ذخائر دریافت کرنے کا کامیاب اعلان کیا ہے۔ یہ دریافت نہ صرف PPL کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے بلکہ یہ پوٹھوہار خطے میں قدرتی طور پر فریکچرڈ کاربونیٹ میں تیل کی دوسری گہری دریافت بھی قرار دی جا رہی ہے۔

PPL کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اہم کامیابی کے پیچھے ارضیاتی، جیو فزیکل اور ریزروائر انجینئرنگ ڈیٹا کے مکمل تجزیے اور اس کے انضمام کا بڑا کردار ہے، جس نے کنویں کے ڈیزائن کو بہتر بنانے اور کھدائی کے دوران پیش آنے والی مشکلات کو حل کرنے میں مدد دی۔

پاکستان پیٹرولیم، جو اس منصوبے میں 75 فیصد کا حصہ دار ہے، نے شراکت دار گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (GHPL) کے ساتھ مل کر 18 جنوری 2025 کو ڈھوک سلطان-03 کی کھدائی کا آغاز کیا تھا اور یہ کنواں 5,815 میٹر کی گہرائی تک کھدائی کے بعد کامیابی سے مکمل ہوا۔

PPL کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران عباسی نے اس دریافت کو ادارے کی مہارت، ثابت قدمی اور توانائی کے تحفظ کے عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے ملک کی درآمدی توانائی پر انحصار کم ہوگا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوگی۔

 
 

مزیدخبریں