اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو دوبارہ معاشی عروج و زوال کے چکر میں نہیں جانے دیں گے، معاشی استحکام کے بعد اب پائیدار ترقی کی جانب بڑھنا ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ مجموعی مالیاتی خسارہ 12.5 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گیا ہے۔ قلیل مدت میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 11 سے بڑھا کر 12 فیصد تک لے جانا حکومت کا ہدف ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کے سرمائے کو متحرک کرنا انتہائی اہم ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے عوامی خدمات کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نجکاری کے عمل میں شفافیت اور کارکردگی کو ترجیح دے گی جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھنا بھی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔