کیلیفورنیا کیلیفورنیا:میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ پر حالیہ دنوں میں متعارف کرایا گیا اے آئی چیٹ بوٹ بٹن صارفین کی ناپسندیدگی کا شکار بن چکا ہے، تاہم ٹیکنالوجی ماہرین نے اس سے چھٹکارا پانے کے لیے ایک متبادل حل تجویز کیا ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق، واٹس ایپ صارفین کی ایک بڑی تعداد میٹا اے آئی فیچر کو ناپسند کر رہی ہے اور اسے اپنی پرائیویسی کے لیے خطرہ تصور کر رہی ہے۔ متعدد کوششوں کے باوجود جب اس فیچر کو ایپ سے ہٹانا ممکن نہ ہو سکا، تو صارفین نے ایک نیا راستہ تلاش کر لیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ بزنس ایپ میں فی الحال میٹا اے آئی کا فیچر شامل نہیں کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ریڈٹ پر کئی صارفین دوسرے صارفین کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ واٹس ایپ کی بجائے واٹس ایپ بزنس کا استعمال شروع کریں۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ بزنس عمومی طور پر کاروباری افراد کے لیے متعارف کرائی گئی تھی تاکہ وہ اپنے گاہکوں سے رابطے میں رہ سکیں، تاہم یہ ایپ عام صارفین کے لیے بھی دستیاب ہے اور بالکل مفت ہے۔
اگرچہ واٹس ایپ بزنس اس وقت میٹا اے آئی فیچر سے پاک ہے، لیکن مستقبل میں اس فیچر کا اس ایپ میں شامل کیا جانا بعید از قیاس نہیں۔ ایسی صورت میں ماہرین کی جانب سے دوسرا حل یہ تجویز کیا جا رہا ہے کہ صارفین کسی معتبر ذریعے سے واٹس ایپ کا پرانا ورژن ڈاؤن لوڈ کر کے اسے انسٹال کریں۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ پرانا ورژن انسٹال کرتے وقت سیکیورٹی اور ڈیٹا پرائیویسی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے، اور صرف قابلِ اعتماد ویب سائٹس سے ہی APK فائلز حاصل کی جائیں۔