پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر منا رہی ہے؛ گرجا گھروں میں امن و سلامتی کی خصوصی دعائیں

09:35 AM, 5 Apr, 2026

اسلام آباد/لاہور : پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری آج اپنا مذہبی تہوار ایسٹر روایتی مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں گرجا گھروں کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا ہے، جہاں صبح سویرے سے ہی دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور کے کیتھڈرل چرچ، کراچی کے سینٹ پیٹرک کتھیڈرل اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں کے چرچز میں ایسٹر کی مناسبت سے خصوصی سروسز منعقد ہوئیں۔ مسیحی پیشواؤں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات، امن، محبت اور بھائی چارے کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ تقریبات میں ملک کی سلامتی، معاشی استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
 کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں گرجا گھروں کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی ملکی ترقی کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔ صدر نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کا اہم حصہ ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسٹر کا دن ہمیں ایثار، قربانی اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مسیحی برادری کے مثالی کردار کی تعریف کی۔

مزیدخبریں