تہران/تل ابیب : مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید کشیدگی کے دوران ایران نے اسرائیل اور خلیج میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تازہ ترین مرحلے میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق آپریشن کی 95 ویں لہر کے تحت اسرائیل کے اندرونی علاقوں اور خلیجِ فارس میں موجود امریکی بحری و فضائی بیڑوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ کارروائیوں میں دشمن کے 8 جدید ترین جنگی طیارے زمین پر یا فضا میں تباہ کر دیے گئے ہیں۔ حملوں میں اسرائیل کے اہم ایئر بیسز اور امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے بعد کئی مقامات پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ آپریشن 'وعدہ صادق 4' دشمن کی ہر اشتعال انگیزی کا منہ توڑ جواب ہے۔ ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ ہماری پہنچ دشمن کی محفوظ ترین پناہ گاہوں تک ہے۔ جب تک جارحیت بند نہیں ہوتی، حملوں کی لہریں جاری رہیں گی۔ اسرائیلی دفاعی فورسز (IDF) نے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم بعض مقامات پر "براہِ راست ہٹ" کی تصدیق کی گئی ہے جس سے تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔
پینٹاگون کی جانب سے طیاروں کی تباہی کے دعوے پر تاحال کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم خلیج میں موجود امریکی افواج کو 'انتہائی ہائی الرٹ' کر دیا گیا ہے۔
آپریشن 'وعدہ صادق 4' کی 95 ویں لہر: ایران کا امریکی و اسرائیلی فوجی تنصیبات پر بڑا حملہ، 8 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ
09:49 AM, 5 Apr, 2026