’’آبنائے ہرمز کھولو ورنہ۔۔۔‘‘،صدر ٹرمپ کی ایران پر تباہ کن حملوں کی دھمکی

05:37 PM, 5 Apr, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت ترین جنگی وارننگ جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کو ملیا میٹ کر دیا جائے گا۔صدر ٹرمپ نے انتہائی سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے دھمکی دی کہ منگل کا دن ایران میں "پاور پلانٹ اور برج ڈے" کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس میں بجلی کے گھر اور پل بیک وقت امریکی نشانے پر ہوں گے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا، "آبنائے ہرمز کو کھولو ورنہ تم جہنم میں دھکیل دیے جاؤ گے۔
امریکی صدر نے ایرانی حدود کے اندر کیے گئے ایک خفیہ اور انتہائی پرخطر مشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ   امریکی فورسز نے ایرانی پہاڑوں کی گہرائیوں سے ایف15 (F-15) طیارے کے ایک شدید زخمی اور نہایت معزز کرنل کو بحفاظت نکال لیا ہے۔
 ٹرمپ کے مطابق ایسا مشن خطرے کے باعث شاذ و نادر ہی کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں افرادی قوت اور ساز و سامان دونوں کی تباہی کا شدید خطرہ ہوتا ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی طیاروں نے ایران کے اوپر 7 گھنٹے گزارے، جو کہ ایک غیر معمولی اور حیرت انگیز بات ہے۔ اس دوران ایک دوسرا آپریشن دن کی روشنی میں کیا گیا جس میں ایک اور امریکی پائلٹ کو بچایا گیا۔ انہوں نے اسے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا شاہکار قرار دیا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ  وہ امریکی فوج کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کریں گے، جس میں ان مشنز اور ایران کے خلاف آئندہ کی حکمتِ عملی پر مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

مزیدخبریں