اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا غزہ میں فوجی آپریشن کو وسعت دینے کا فیصلہ

10:22 AM, 5 Aug, 2025

غزہ : اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں فوجی کارروائیوں کو مزید بڑھانے اور غزہ کی پوری پٹی پر قبضہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو غزہ میں فوجی آپریشنز کو وسعت دینے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں، جس میں غزہ کے تمام علاقوں پر قبضے کی کوششیں شامل ہو سکتی ہیں۔

اس منصوبے میں ان علاقوں پر بھی فوجی کارروائیاں شامل ہیں جہاں اسرائیل کو شبہ ہے کہ یرغمالی افراد موجود ہیں۔ اسرائیلی چینل 12 نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ نیتن یاہو نے اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج ہونے والے کابینہ اجلاس میں کرنا ہے۔

اسرائیلی اخبار "ہاریٹز" نے مزید بتایا کہ نیتن یاہو نے کابینہ کو ایک امریکی منظور شدہ منصوبہ پیش کیا جس کے تحت غزہ کے کچھ حصوں پر دوبارہ قبضہ کیا جائے گا۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 60,839 فلسطینی شہید اور 149,588 زخمی ہو چکے ہیں۔ ترک میڈیا کے مطابق غزہ میں ہر لمحہ ایک اور فلسطینی بچے کی جان لے رہا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے نتیجے میں 7 اکتوبر سے اب تک 18,592 فلسطینی بچے شہید ہو چکے ہیں، جو گزشتہ 22 ماہ کے دوران غزہ میں ہونے والی کل ہلاکتوں کا 31 فیصد ہیں۔ یہ صورتحال غزہ کے عوام کے لیے انتہائی المناک ہے، جہاں جنگ کی شدت اور انسانی بحران بڑھتا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں