بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو انسانی حقوق کا قبرستان بنا دیا ، محسن نقوی

10:39 AM, 5 Aug, 2025

اسلام آبا د : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو انسانی حقوق کا قبرستان بنا دیا ہے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن بھارت نے کشمیریوں کے آئینی حقوق پر حملہ کیا اور ریاست کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ مودی سرکار نے طاقت، دباؤ اور جبر کے ذریعے کشمیریوں کی شناخت، آزادی اور جمہوری حقوق چھین لیے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم، ماورائے عدالت قتل، میڈیا پر پابندیاں، اظہارِ رائے پر قدغنیں اور طویل کرفیو کی بدولت کشمیری عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے نئے ڈومیسائل قوانین کے تحت لاکھوں ہندو باشندوں کو کشمیر میں آباد کرنے کی کوشش کی ہے جس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے، اور یہ ایک منظم آبادیاتی جارحیت ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا بحران انسانی ضمیر اور عالمی برادری کے دعوؤں کا امتحان ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی مخلصانہ پیشکش کو بھی سختی سے مسترد کر دیا، جو بھارت کے ہٹ دھرمی کی واضح علامت ہے۔

محسن نقوی نے خبردار کیا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات نہ صرف خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، بلکہ جنوبی ایشیا کو بڑے تصادم کی طرف بھی دھکیل سکتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر بین الاقوامی توجہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام غیر قانونی اور غیر انسانی حربوں کے باوجود اپنے عزم اور حوصلے کے ساتھ آزادی کی شمع کو روشن کیے ہوئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا ہر شہری کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں