پاکستان نے یوکرین میں پاکستانیوں کی جنگ میں شرکت کے الزامات مسترد کر دیے، یوکرین سے وضاحت طلب

10:55 AM, 5 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے پاکستانی شہریوں کی یوکرین-روس جنگ میں شرکت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے یوکرینی حکام سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی حکام نے پاکستانی شہریوں کے جنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے کوئی قابل تصدیق ثبوت فراہم نہیں کیے اور نہ ہی پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان اس معاملے پر یوکرینی حکام سے وضاحت طلب کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق اس تنازعے کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے کوششیں جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے شمال مشرقی یوکرین میں روس کے خلاف لڑائی میں چین، تاجکستان، ازبکستان، پاکستان اور کچھ افریقی ممالک کے کرائے کے سپاہیوں کی شرکت کا الزام عائد کیا تھا۔ زیلنسکی نے پہلے بھی چین اور شمالی کوریا پر اسی نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے، جنہیں متعلقہ ممالک نے سختی سے مسترد کیا تھا۔

مزیدخبریں