بھارت نے پاکستان میں متعدد محاذ کھول رکھے ہیں:مصطفیٰ کمال کا بھارتی سازشوں پر شدید ردعمل

03:26 PM, 5 Aug, 2025

کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بھارت نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کے لیے پاکستان کے مختلف علاقوں میں کئی محاذ کھول رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم پاکستان کا اہم مسئلہ ہے اور یہ جنگ کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بھی لڑی جا رہی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ چند سال قبل کراچی بھی دہشت گردی کا بڑا محاذ تھا جہاں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے بھاری سرمایہ کاری کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت روزانہ کی بنیاد پر 10 سے 20 افراد مارے جاتے تھے، جس سے ملکی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی پشت پناہی بھارت کرتا ہے، اور جب بھی دہشت گردی کی بات آتی ہے تو سب سے پہلے بھارت کا نام لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں بھی بھارت ملوث ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بھارت میں کوئی بھی واقعہ پیش آئے تو فوری طور پر پاکستان پر الزام لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو واضح طور پر یہ باور کرائیں کہ بھارت ہمارا دشمن ہے اور اس سے ہوشیار رہنا چاہیے۔

مزیدخبریں