اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم میں بہتری کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں کہا کہ قانون و انصاف کمیٹی میں 108 ترامیم کا مسودہ پڑا ہے جس کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسودہ پھاڑنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، اس لیے کھلے دل سے بات چیت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ججز کی تقرری کا عمل عالمی معیار کے مطابق ہے اور مقدمات کا طویل ہونا کوئی نئی بات نہیں۔
انہوں نے اپوزیشن کی ماضی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپریل 2022 میں ایک قرارداد کو محض ڈیڑھ منٹ میں مسترد کر کے اسمبلی تحلیل کر دی گئی تھی۔