لاہور : پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو مضبوط مجموعہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ ایک منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
کوئینز پارک اوول میں پاکستان نے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز 387 رنز پر ختم کی۔ عبداللہ شفیق 160 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی اہم رنز سکور کیے۔
اس اننگز کے ساتھ عبداللہ شفیق ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زائد رنز بنانے والے 49 برس بعد پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل 1977 میں ماجد خان نے گیانا میں 167 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
عبداللہ شفیق نے ایک اور اعزاز بھی اپنے نام کیا، کیونکہ پاکستان کی جانب سے بیرونِ ملک ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زائد رنز کی آخری چار اننگز میں سے تین انہی کے بیٹ سے نکلی ہیں۔